۴ آذر ۱۴۰۳ |۲۲ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 24, 2024
حاجی محب علی ناصر

حوزہ/ نمائندہ ولی فقیہ ہندوستان نے کہا کہ مرحوم ہمیشہ  ایران کے اسلامی انقلاب کے حامی اور رہبر معظم حضرت آیۃ اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای مد ظلہ العالی کے مداحوں میں سے تھے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ہندوستان میں مرجع حضرت آیۃ اللہ العظمی سید علی سیستانی حفظہ اللہ کے وکیل امور مالی، صدر خوجہ شیعہ اثناعشری جامہ مسجد ٹرسٹ ممبئی، چیئرمین الایمان چیریٹیبل ٹرسٹ، نجفی ہاؤس ممبئی، مشہور و معروف اور خدمت خلق کے جذبے سے سرشار شخصیت جناب حاجی محب علی روشن علی ناصر مرحوم کے انتقال پر نمائندہ ولی فقیہ ہندوستان،حجۃ الاسلام و المسلمین آقای مہدی مہدوی پور نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم نے ہندوستان میں ضرورتمندوں کی امداد رسانی ، مساجد ، امام بارگاہوں اور مدارس کی تاسیس کے لئے عظیم الشان کارنامے انجام دیئے۔

تعزیت نامہ کا مکمل متن اس طرح ہے؛

باسمہ تعالی

انا للہ وانا الیہ راجعون

مشہور و معروف اور خدمت خلق کے جذبے سے سرشار شخصیت جناب حاجی محب علی روشن علی ناصر مرحوم کے انتقال کی خبر سن کر بہت افسوس ہوا، مرحوم نے اپنی حیات میں مومبای کے شیعوں کے لئے گرانقدر خدمات انجام دیں اور عالم تشیع کے عظیم الشان مرجع حضرت آیۃ اللہ العظمی سید علی سیستانی حفظه¬الله کے مالی امور  کی نمایندگی کرتے ہوئے ہندوستان کے حوزات علمیہ کی امداد رسانی میں بنیادی کردار نبھایا، اسی طرح خوجہ شیعہ اثناعشری جماعت کے مورد اعتماد بلکہ اس کے سربراہوں میں سے تھے، مرحوم نے اپنی پوری زندگی شیعوں کو متحد رکھنے اور ان میں یکجہتی کو بڑھاوا دینے میں صرف کردی، نجفی ہاؤس مومبای میں واقع الایمان فاؤنڈیشن کے سربراہ ہوتے ہوئے پورے ہندوستان میں ضرورتمندوں کی امداد رسانی ، مساجد ، امام بارگاہوں اور مدارس کی تاسیس کے لئے عظیم الشان کارنامے انجام دیئے، اپنی حیات میں خوجہ شیعہ اثنا عشری  جامع مسجدٹرسٹ  مومبای کے سربراہ بھی رہے۔
مرحوم ہمیشہ  ایران کے اسلامی انقلاب کے حامی اور رہبر معظم حضرت آیۃ اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای مد ظلہ العالی کے مداحوں میں سے تھےاور مرحوم کو حقیر سے بڑی ارادت بھی تھی ، مختلف مسائل میں مرحوم سے رابطے میں رہتا  اور ان سے مشورہ کرتا تھا، مختلف مناسبتوں پر شیعوں کے درمیان تقریر کرنے کے لئے مرحوم مجھے دعوت دیا کرتے ، یقینا مرحوم اپنے بچوں کے لئے مہربان اور شفیق باپ اور اپنے دوستوں کے شفیق تھے ، میں اس فقدان پر مرحوم کے اہل خانہ مخصوصا ان کے فرزند ارجمند جناب محمد علی ناصر کی خدمت میں تعزیت و تسلیت پیش کرتا ہوں اور بارگاہ خداوندی میں دست بدعا ہوں کہ مرحوم کو اپنے اولیاء میں شمار کرے ، انہیں اپنی رحمت و مغفرت سے نوازے اور جملہ احباء و اعزاء اور ارادتمندوں کو صبر جمیل اجر جزیل عنایت فرمائے۔ والسلام

مہدی مہدوی پور

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .